تہران: مشرقِ وسطیٰ کو کسی بڑی جنگی تباہی سے بچانے کے لیے پاکستان نے سفارتی محاذ پر سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جس کے تحت وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک ہی ہفتے میں دوسری بار ہنگامی دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر کے امریکا اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اہم سفارتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان امریکا کے ساتھ ممکنہ ڈیل، مستقل جنگ بندی کی شرائط اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، واشنگٹن کی جانب سے حالیہ سخت بیانات کے بعد پاکستان دونوں ممالک کے مابین بالواسطہ مذاکرات کی بحالی اور غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ تہران میں ہونے والی اس اہم بیٹھک میں خطے کے استحکام اور پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔




