راولپنڈی: جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شجاعت اور قربانیوں کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا وہ لازوال فخر ہیں جن کی قربانیاں وطن عزیز کے امن کی ضامن ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سپہ سالار نے اس بات پر زور دیا کہ ان بہادر سپوتوں کی عزت اور یاد ہر پاکستانی کے دل میں ایک مقدس امانت ہے۔
تقریب کے دوران آرمی چیف نے مختلف فوجی آپریشنز میں فرنٹ لائن پر دادِ شجاعت دینے والے غازیوں اور جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لواحقین میں عسکری ایوارڈز تقسیم کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، مجموعی طور پر 50 ستارہِ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغہِ بسالت تفویض کیے گئے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کے خاندانوں سے مِل کر ان کے عزم اور حوصلے کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ قوم اپنے ان جانثاروں کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔




