راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی اور دفاعی مفاد کو مقدم رکھتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بعض افراد اپنے ذاتی مفادات کے لیے ملک دشمن بیانیہ پھیلا رہے ہیں، جو فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پی ٹی آئی کے بانی کو "ذہنی مریض” قرار دیا اور کہا کہ ان کا بیانیہ ملک کے خلاف ہے، جسے بھارتی، افغان اور بین الاقوامی میڈیا بڑھاوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادی اظہار رائے کی حدیں وہاں تک ہیں جہاں ملک و ریاست کے خلاف بیان نہ دیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف 13 ہزار 270 آپریشن کیے جا چکے ہیں اور صوبائی پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے زور دیا کہ فوج اور عوام کے درمیان کسی کو دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملک دشمن بیانیے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔




