لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور شادیوں و تقریبات میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایت کی ہے کہ پالیسی کے نفاذ میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
حکام کے مطابق شادی ہالز اور نجی تقریبات میں بلند آواز میں میوزک چلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، اور قوالی نائٹ یا دیگر ایونٹس میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کو سختی سے روکا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ضابطوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا سکے اور شہریوں کے سکون کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔




