بلوچستان میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را (RAW) کی مبینہ پروپیگنڈا مہم سامنے آ گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’’پیج 3 نیوز تھائی‘‘، جو جعلی شناخت ’’میر یار بلوچ‘‘ کے نام سے بیانات شائع کرتا رہا، دراصل بھارت سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
اس اکاؤنٹ پر بلوچستان کے حوالے سے من گھڑت دعوے، تاریخی حقائق میں تحریف اور بھارتی بیانیے کی تشہیر کی جاتی رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ اسے بلوچ شناخت کو دہشت گردی اور انتشار کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کے لیے بنایا گیا۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ اکاؤنٹ بھارت سے تھائی لینڈ کے وی پی این کے ذریعے چلایا جا رہا تھا تاکہ اصل مقام چھپایا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی آن لائن سرگرمیاں پاکستان مخالف پروپیگنڈا اور بلوچستان میں بدامنی میں بھارتی کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں غیر مقامی افراد کے قتل کے متعدد واقعات میں بعض لسانی تنظیمیں بھی ملوث رہی ہیں، جنہیں سوشل میڈیا کے ذریعے تقویت دی جاتی رہی ہے۔




