لاہور :پنجاب میں سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے وژن اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں شروع کی گئی آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیمیں چھ ماہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں۔ ان سکیموں کے تحت اب تک 70 ارب روپے کے بلا سود قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آسان کاروبار سکیموں سے ایک لاکھ 8 ہزار 371 افراد نے کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے میں مدد حاصل کی۔ حکومت نے دوسرے مرحلے میں مزید 90 ارب روپے کے بلا سود قرضے دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق کاروبار کے فروغ سے نہ صرف نوجوان خود کفیل ہوں گے بلکہ مزدور طبقے کی زندگیوں میں بھی بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کے لیے یہ سکیمیں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔




