لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں پتنگ بازی کے نتیجے میں ایک اور نوجوان کی زندگی کا خاتمہ ہو گیا۔ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں 21 سالہ نوجوان نعمان یوسف، جو موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو ا تاہم راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق، مزنگ کا رہائشی نوجوان نعمان یوسف اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک پتنگ کی ڈور اس کے گلے میں پھر گئی، جس سے اس کی گردن کٹ گئی۔ نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، نعمان یوسف میڈیکل ریپ تھا اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔ اس کے چھوٹے بھائی اور دو بہنیں ہیں، جن کی زندگی کا سہارا وہ خود تھا۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کی اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔




