اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ایف آئی اے امیگریشن ونگ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور پاکستان کے وقار کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کی گئی کارروائیوں پر بھی بات کی گئی اور مستقبل کے لیے مزید مضبوط حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید سخت اور فوری کارروائیوں کی ہدایت کی تاکہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے واقعات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔




