راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران مبینہ طور پر بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم شدت پسند تنظیم کے 9 دہشتگرد مارے گئے، جب کہ 8 کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
آپریشن 16 سے 20 جولائی کے دوران جاری رہا، جس میں فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت علاقے کا محاصرہ کر کے شدت پسندوں کے دو اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک اور گرفتار کیے گئے دہشتگرد مبینہ طور پر ملک میں بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے، جو تاحال جاری ہے۔
مقامی افراد نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ریاستی کوششوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔




