اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت کے سکیورٹی اور ترقیاتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آج مسلسل 4 گھنٹے تک مختلف منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے جہاں نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا، وہیں زیرِ تعمیر پراجیکٹس کے لیے سخت ڈیڈ لائنز بھی جاری کیں۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد ماڈل جیل کے دورے کے موقع پر اہم سکیورٹی اصلاحات کا اعلان کیا۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ماڈل جیل کے پہلے فیز کو ‘ہائی سکیورٹی پرزن’ کے طور پر تیار کیا جائے۔ جیل میں تعینات ہونے والے عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 30 اپریل کی حتمی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے تاکہ جیل کو جلد فعال کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے شہر کی اہم شاہراہوں اور عوامی مراکز کا بھی معائنہ کیا۔ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اتاترک ایونیو کے توسیعی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ شہریوں کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سہولیات کا جائزہ لیا اور عملے کو عوامی مسائل کے فوری حل کی تلقین کی۔
پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ٹریننگ کے عمل کا مشاہدہ کیا اور اسے عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے دورے کے دوران واضح کیا کہ تمام منصوبوں میں شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سی ڈی اے اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر ان منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں۔




