اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پیدا ہونے والی تشویش کے بعد حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اعلیٰ سطح کا رابطہ ہوا ہے۔ حکومتی نمائندوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو بانی کی صحت اور ان کے طبی معائنے کے لیے کیے گئے جدید ترین انتظامات سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے مکمل چیک اپ کے لیے ڈاکٹرز کا ایک اعلیٰ اختیاراتی پینل تشکیل دیا ہے ،یہ پینل آج ہی بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کرے گا۔
حکومتی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ طبی معائنے کے لیے جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومتی رابطے کے دوران اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طبی معائنے کا عمل محض ایک کارروائی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لے اور معائنے کے فوراً بعد ایک غیر جانبدار اور شفاف میڈیکل رپورٹ پبلک کی جائے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر حکومت کا اپوزیشن قیادت سے رابطہ کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف طبی خدشات دور ہوں گے بلکہ سیاسی ماحول میں موجود تناؤ میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔




