لاہور: پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے ایک ماہ کے دوران بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 26 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ گرفتاریاں صوبے کے مختلف شہروں میں کیے گئے 286 خفیہ آپریشنز کے نتیجے میں عمل میں آئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے اپنی حکمتِ عملی کے تحت پنجاب کے طول و عرض میں چھاپے مارے۔ْ وسطی و جنوبی پنجاب: لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال اور جھنگ میں اہم نیٹ ورکس کا سراغ لگایا گیا۔ شمالی و مغربی پنجاب: خوشاب، میاںوالی، بھکر اور چکوال میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام دہشت گردوں کا تعلق "علاقہ غیر” سے ہے، جو پنجاب میں داخل ہو کر حساس مقامات اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس شیئرنگ کی بنیاد پر ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور بروقت کارروائی کر کے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان نے واضح کیا کہ ان آپریشنز کا مقصد صوبے کے شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اور دہشت گردی کے سہولت کاروں تک پہنچنا ہے۔ گرفتار ملزمان سے ہونے والی ابتدائی تفتیش کی روشنی میں مزید اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔




