لاہور : پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول "اولمپیاڈ 2026” کا لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں شاندار انعقاد کیا گیا۔ ایپ سپ (APSUP) کے زیرِ اہتمام اس رنگا رنگ میلے میں ملک بھر کی نجی جامعات کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کر کے قومی اتحاد کی نئی مثال قائم کر دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اسے پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اتحاد اور محبت کا پیغام دیتے ہوئے کہاایپ سپ کے پلیٹ فارم پر ہم نے تمام یونیورسٹیوں کو اکٹھا کر دیا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی یا پٹھان نہیں، بلکہ صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جن کا رشتہ اپنی مٹی سے مضبوط ہوتا ہے۔
کھیل میں ہار جیت نہیں ہوتی بلکہ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر انسان آگے بڑھتا ہے۔ اس فیسٹیول کا مقصد طلبہ میں اسپورٹس مین شپ پیدا کرنا ہے۔
اولمپیاڈ میں شریک طلبہ و طالبات نے سندھی، پنجابی، بلوچی اور پختون ثقافت کی بھرپور نمائندگی کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ فیسٹیول میں جہاں ایک طرف مارچ پاسٹ اور کھیلوں کے سنسنی خیز مقابلے ہوئے، وہیں دوسری طرف جیتنے والی جامعات کے کھلاڑیوں میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔
ایونٹ میں سپیریئر گروپ کی اعلیٰ قیادت بشمول ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالخالق، ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمان اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ چوہدری حمزہ رحمان نے شرکت کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔ ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ کھیل کے میدان سے حاصل ہونے والے تجربے کو اپنی عملی زندگی میں استعمال کریں۔




