کھیل

ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کل آئرلینڈ سے ٹکرائے گا

پاکستان اور آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، جس کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ سیریز کا پہلا میچ بدھ 7 اگست کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 8 اور 10 اگست کو شیڈول ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کر رہی ہیں، جو حالیہ مہینوں میں نمایاں کارکردگی کے باعث ٹیم میں ایک متحرک لیڈر کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ سیریز سے قبل ٹیم نے کراچی میں ایک طویل اسکلز کیمپ میں شرکت کی، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں مہارت بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ٹیم بھرپور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا، "کیمپ کے دوران ہماری محنت اور کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی نے ہمیں اس سیریز کے لیے تیار کیا ہے۔ ہم آئرلینڈ کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔”
پاکستان ٹیم حالیہ عرصے میں مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں اچھی کارکردگی دکھا چکی ہے، جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم بھی ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ سیریز کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم کی اس سیریز میں کامیابی نہ صرف رینکنگ میں بہتری کا سبب بن سکتی ہے بلکہ اگلے سال ہونے والے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے تیاری کا ایک اہم مرحلہ بھی ثابت ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button