اسلام آباد : وفاقی حکومت نے بانی تحریک انصاف کی صحت کے حوالے سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے تشکیل دیے گئے اس میڈیکل پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔ یہ پینل بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کرنے کے لیے کسی بھی وقت اڈیالہ جیل پہنچ سکتا ہے۔ بورڈ کی جانب سے رپورٹ اور سفارشات پیش کیے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو باقاعدہ ہسپتال منتقل کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر قیدی کو قانون کے مطابق تمام طبی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صحت ایک حساس معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔




