راولپنڈی : سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اڈیالہ جیل حکام کی حالیہ رپورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو حاصل سہولیات سے متعلق تمام پردے اٹھا دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو جیل کے ایک عام قیدی کے برعکس ایک مخصوص اور وسیع کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جو سات مختلف کمروں (سیلز) پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ڈائٹ کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ ان کے روزمرہ کے ناشتے اور مشروبات کی فہرست کسی مہنگے ہیلتھ کلب کے مینو سے کم نہیں۔ ناشتے میں شہد، اخروٹ، کھجور، دلیہ اور دہی/لسی شامل ہیں۔وہ اپنی خوراک میں ‘چیا سیڈز’ اور گرم دودھ کا استعمال بھی باقاعدگی سے کرتے ہیں۔ دن کے مختلف اوقات میں انہیں مسمی اور انار کا تازہ جوس فراہم کیا جاتا ہے۔
جیل انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کمپاؤنڈ کے ساتھ ایک نجی لان بھی منسلک ہے، جہاں وہ اخبارات اور کتب کا مطالعہ کرتے ہوئے وقت گزارتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انہیں ایک محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا گیا ہے جہاں وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کی اس رپورٹ نے یہ تاثر زائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی مشکل حال میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کا کمپاؤنڈ عام قیدیوں کی پہنچ سے دور اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔ صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا گیا ہے۔ مطالعے کے شوق کو پورا کرنے کے لیے انہیں کتب اور رسائل تک مکمل رسائی حاصل ہے۔




