پشاور : آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے شرکاء کے اعزاز میں پشاور میں ایک پروقار نشست منعقد ہوئی، جس میں کور کمانڈر پشاور نے نوجوان نسل کو ملکی دفاع، سکیورٹی چیلنجز اور ڈیجیٹل دنیا کے جدید خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم ہدایات دیں۔
کور کمانڈر پشاور نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔
طلبہ کو دہشت گردی کے خلاف جاری ‘معرکہ حق’ اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈر نے زور دیا کہ موجودہ دور میں جنگ صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہی بلکہ ڈیجیٹل محاذ پر بھی لڑی جا رہی ہے۔
نشست کے دوران طلبہ نے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور درج ذیل نکات پر اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستان کے خلاف ہونے والے ہر زہریلے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، ثقافت اور قومی بیانیے کو اجاگر کرنے کے لیے نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
نوجوان نسل ملکی سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہراول دستے کے طور پر کام کرے گی۔
شرکاء نے آئی ایس پی آر (ISPR) کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت انہیں ملکی دفاعی میکانزم کو سمجھنے اور حقائق کو مستند تناظر میں دیکھنے کا موقع ملا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ساتھ گزارا گیا وقت ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ یہاں سے سیکھے گئے اسباق کو ملک کی بہتری کے لیے استعمال کریں گے۔




