کراچی ٹریفک پولیس نے ایک نئی آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد شہر میں روڈ سیفٹی اور فیس لیس ای ٹکٹنگ کے نظام کو متعارف کروانا ہے۔ ترجمان کے مطابق، یکم اکتوبر 2025 سے ای چالان نظام باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔
اس نظام کے تحت شہر بھر میں لگائے گئے جدید سی سی ٹی وی کیمروں سے ٹریفک قوانین کی خودکار نگرانی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کو تصویری یا ویڈیو شواہد کے ساتھ چالان جاری کیا جائے گا، جو براہِ راست ان کے گھروں پر پہنچے گا، اور اس عمل میں کوئی سفارش یا مداخلت شامل نہیں ہوگی۔
آگاہی مہم کے دوران شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور نظام کی شفافیت کے حوالے سے شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ مختلف اہم مقامات اور ٹریفک سگنلز پر پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں جبکہ رضاکار، لیڈی کانسٹیبلز اور طلباء بھی اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ اقدام کراچی کو ایک محفوظ اور منظم شہر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔




