اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ رواں سال مون سون کے دوران ملک بھر میں ہونے والی بارشوں اور سیلابی واقعات میں اب تک 657 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ 929 زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 26 جون سے اب تک 390 افراد جان بحق ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، کشمیر میں 15 اور اسلام آباد میں 8 افراد بارش اور سیلاب سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادارہ نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ موسمی نظام کے باعث آئندہ دنوں میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔
این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کریں اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




