پاکستان
Trending

ہمالیہ سے اونچی دوستی کے 75 سال: اسلام آباد میں پاک چین تعلقات کی سالگرہ کی دھوم، ایرانی سفیر کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے

 

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب روایتی جوش و خروش اور پُرعزم سفارت کاری کے ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت پوری وفاقی کابینہ اور چینی سفیر نے شرکت کی۔ اس تقریب کی خاص بات پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کی آمد تھی، جنہوں نے صدر اور وزیراعظم کے ہمراہ اس تاریخی موقع کا کیک کاٹ کر علاقائی یکجہتی کا ایک شاندار پیغام دیا۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخ کے اوراق پلٹتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ چین کو تسلیم کرنے والا دنیا کا سب سے پہلا مسلم ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے رشتے اِتنے مضبوط ہو چکے ہیں کہ اب انہیں دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے جذباتی انداز میں کہا کہ چین نے ہمیشہ، خاص طور پر سیلاب اور دیگر قدرتی آفتوں کے دوران، پاکستان کا وہ ساتھ دیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے سی پیک کو چینی صدر شی جن پنگ کے "بیلٹ اینڈ روڈ وژن” کی سب سے کامیاب عملی تصویر قرار دیا۔

اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی محض دو ملکوں کا میلپ نہیں بلکہ یہ باہمی اعتماد، خودمختار برابری، اور خطے میں امن و ترقی کے مشترکہ خوابوں کا نام ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں یہ مثالی تعلقات اب ایک ایسی مضبوط تزویراتی شراکت داری میں بدل چکے ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے مل کر کیک کاٹا اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button