لاہور: مون سون کی شدت میں اضافے کے باعث پنجاب بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ اربن فلڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، قصور، شیخوپورہ اور جہلم میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ لیہ میں ندی نالوں کی طغیانی کے باعث درجنوں دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، جس سے ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مون سون سیزن میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 289 ہو چکی ہے، جن میں 136 بچے، 102 مرد اور 51 خواتین شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔




