ریاض : پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری عرب و اسلامی ممالک کےمشاورتی اجلاس کے موقع پر اہم سفارتی محاذ سنبھال لیا۔ انہوں نے سعودی عرب، ترکیے، مصر اور آذربائیجان کے وزراء خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترک وزیر خارجہ، مصری وزیر خارجہ اور آذربائیجان کے ہم منصب سے ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی بدلتی ہوئی حساس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ تمام رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کی خاطر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کشیدگی کو کم کر کے استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔
اسحاق ڈار اور دیگر وزراء خارجہ نے دہشت گردی کے خاتمے، اقتصادی تعاون کی مضبوطی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے اپنے مشترکہ عزم کو دہرایا۔ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد امت مسلمہ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کے خلاف ایک متحد موقف اختیار کرنا ہے۔ نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کی عدم استحکام کی لہر کو روکنے کے لیے اپنے برادر ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔




