لاہور : قائدِ مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت "لاہور ہیرٹیج ایریاز ریوائیول” کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تاریخی تشخص کو محفوظ بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی قدیم ثقافت کو زندہ کرنے کے لیے اہم شاہراہوں اور اداروں کو ان کے پرانے ناموں سے منسوب کیا جائے گا۔
لاہور کی مختلف سڑکوں اور اسٹریٹس کے وہ پرانے نام جو وقت کے ساتھ بدل دیے گئے تھے، انہیں دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ سرکاری کالجز جنہیں یونیورسٹی کا درجہ مل چکا ہے، ان کے پرانے اور تاریخی نام بھی واپس لائے جائیں گے۔
شہر کی آٹھ قدیمی اور تاریخی گزرگاہوں کو بحال کیا جائے گا۔ شاہ عالم گیٹ سے رنگ محل چوک تک کے راستے کو مکمل طور پر پیدل گزرگاہ میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ شہری تاریخی فنِ تعمیر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں ایک خوبصورت "کانوونٹ گارڈن” بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، نیلا گنبد سے ملحقہ ڈیوڑھی کو اس کے اصل تاریخی ڈیزائن اور تعمیراتی مطابقت کے ساتھ دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد لاہور کے "زندہ دلانِ لاہور” والے تشخص اور اس کی صدیوں پرانی ثقافت کو نئی نسل کے لیے محفوظ کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران نواز شریف نے ہدایت کی کہ تمام بحالی کے کاموں میں تاریخی درستگی اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ لاہور کا اصل حسن برقرار رہے۔




