کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سال قبل دشمن نے پاکستان کی سالمیت پر شب خون مارنے کی کوشش کی، مگر اسے میدانِ جنگ اور سفارتی محاذ، دونوں جگہ شرمناک ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے دشمن کے عزائم کو بے نقاب کیا ۔ دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان سیاسی یا معاشی طور پر کمزور ہے اور اسے توڑا جا سکتا ہے، لیکن وہ یہ بھول گیا کہ اس مٹی کے محافظ ہر پل بیدار ہیں۔افواجِ پاکستان نے دشمن کو وہ زخم دیے جن کی تڑپ وہ کبھی نہیں بھول پائے گا، ‘معرکہء حق’ نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔
بلاول بھٹو نے پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا میدانِ جنگ میں فوج نے لہو دیا تو سفارتی محاذ پر ہمارے نمائندوں نے دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پاش پاش کر دیا۔ یہ فتح کسی ایک طبقے کی نہیں بلکہ پاکستانی یکجہتی کا ثمر ہے، جس نے ثابت کیا کہ ہم ایک ناقابلِ تسخیر قوت ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دو ٹوک الفاظ میں قوم کے عزم کی ترجمانی کی ۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کبھی سرنڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ برداشت کرے گا۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس عظیم فتح کے بعد پاکستان کو ایک ایسی معاشی اور دفاعی قوت بنائیں جس کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھ سکے۔
بلاول بھٹو کا یہ خطاب دشمن کے لیے واضح وارننگ اور قوم کے لیے فخر و اتحاد کا پیغام ہے، جس میں انہوں نے معرکہء حق کو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔




