فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں نے پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
فیصل آباد میں شہید حوالدار نوید انصاری کی رہائش گاہ پر میڈیا اور اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا "معرکہء حق” محض ایک فوجی کارروائی نہیں تھی بلکہ یہ حق اور سچ کی وہ فتح تھی جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر بے پناہ عزت اور وقار عطا کیا۔
انہوں نے شہید کی والدہ اور لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیٹے پیدا کرنے والی مائیں سلامِ عقیدت کی مستحق ہیں جنہوں نے ملک و ملت کی خاطر اپنے جگر گوشے قربان کیے۔رانا ثناء اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ معرکہء حق میں ملنے والی تاریخی کامیابی شہداء کے پاکیزہ لہو کا ثمر ہے۔ اگر آج پاکستان کا سر فخر سے بلند ہے تو یہ ان شہداء کی وجہ سے ہے جنہوں نے میدانِ جنگ میں دشمن کے سامنے دیوار بن کر اپنی جانیں نچھاور کیں۔ یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ جب جذبہ سچا ہو تو کوئی دشمن ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔
رانا ثناء اللہ نے شہید کے بچوں اور والد کے ساتھ وقت گزارا، ان کی ڈھارس بندھائی اور شہید حوالدار نوید انصاری کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کی ان قربانیوں کی بدولت ہی آج پاکستان ایک محفوظ اور باوقار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔




