اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی دنیا میں اپنی معاشی پالیسیوں کا لوہا منواتے ہوئے چین کی سب سے بڑی کیپٹل مارکیٹ میں پہلا ‘پانڈا بانڈ’ کامیابی سے لانچ کر دیا ہے۔ اس شاندار پیش رفت کو ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی سرمایہ کاروں کا اندھا اعتماد: پاکستان نے مارکیٹ میں 1.75 ارب یوآن کے بانڈز پیش کیے تھے، لیکن عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستانی معیشت پر زبردست بھروسہ کرتے ہوئے 8.8 ارب یوآن کی پیشکشیں میز پر رکھ دیں۔ یہ ملکی تاریخ میں کسی بھی بانڈ کو ملنے والی ریکارڈ 5 گنا زائد سبسکرپشن ہے۔
مشکل ترین عالمی اقتصادی حالات کے باوجود پاکستان یہ خطیر سرمایہ صرف 2.5 فیصد کی کم ترین شرح سود پر حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس سے ملک پر مہنگے مغربی قرضوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے دنیا کی دوسری سب سے بڑی مالیاتی منڈی میں اپنے پاؤں جما لیے ہیں، جس سے مستقبل میں بھی پاکستان کو آسان اور سستی فنانسنگ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
معاشی ماہرین کے مطابق، پانڈا بانڈ کا یہ کامیاب ترین اجرا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کو تسلیم کر رہے ہیں۔ یہ ڈیل جہاں ایک طرف پاک چین اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، وہیں دنیا بھر میں پاکستان کی مالیاتی ساکھ (Financial Credibility) کو بھی بحال کرے گی۔




