اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مصر کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر غور کیا گیا۔ مصری وفد کی قیادت میجر جنرل مجدی ہلال کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران سیکیورٹی کے روایتی چیلنجز سمیت انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، سائبر کرائم اور سیف سٹی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام کے حوالے سے باہمی اشتراک کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھاپاکستان اور مصر کے مابین تعلقات کی ایک تاریخی اہمیت ہے۔ ان روابط کو محض سفارت کاری تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات اور تعاون کے نئے افق تلاش کرنے کے لیے پاکستان کا ایک وفد جلد مصر کا دورہ کرے گا۔
مصری وفد کے سربراہ میجر جنرل مجدی ہلال نے پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے مابین مختلف سیکیورٹی شعبوں میں نیٹ ورکنگ اور تجربات کے تبادلے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔




