اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ موجودہ حکومت کی ٹیکنالوجی فرینڈلی پالیسیوں پر عالمی سرمایہ کاروں کے پختہ اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کے اس جدید دور میں آگے بڑھنے کے لیے حکومت نے اے آئی کی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنا دیا ہے تاکہ ہماری اگلی نسل عالمی چیلنجز کے لیے تیار ہو سکے۔
اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اصل اثاثہ اس کے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ آج کا نوجوان روایتی ملازمتوں پر انحصار کرنے کے بجائے فری لانسنگ اور ڈیجیٹل سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی آمدن کے ذرائع خود پیدا کر رہا ہے، جو کہ ایک خوش آئند اور انقلابی تبدیلی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری کو مزید مستحکم کرنے اور نوجوانوں کو جدید ترین ڈیجیٹل ہنر سکھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ آنے والے دنوں میں ملکی معیشت کو بحرانوں سے نکالنے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں سب سے اہم کردار ادا کرے گا۔




