اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان معاملات کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اور مخلصانہ کوششیں کیں، جنہیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں مستقل امن اور استحکام کی بنیاد بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ملنے والی عزت اور پذیرائی کسی بھی قیمت سے حاصل نہیں کی جا سکتی تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے اخبارات کے صفحہ اول پر پاکستان کے مثبت کردار کو نمایاں کیا گیا، جو ملک کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر آج پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ، باہمی تعاون اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔




