اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور خوشحالی کے لیے اپنا اہم کردار جاری رکھے گا، جبکہ ایران کے عوام کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہیں گے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دعوت قبول کرنے پر ایرانی صدر کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات قریبی برادرانہ روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کے لیے وقار اور عزت کے ساتھ دستخط کیے گئے، جبکہ پاکستان کی ثالثی کی صلاحیت پر ایران کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ اس دوران خطے کی صورتحال، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک کوششیں کیں، جبکہ ایران کی قیادت اور عوام کے عزم، حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہیں۔




