اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدواروں میکی سال اور ربیکا گرینسپین نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں عالمی امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم سمجھتا ہے اور اقوام متحدہ کے بنیادی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے شعبوں میں عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی معاونت کے لیے بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کے کردار کو مؤثر بنانے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں امیدواروں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی طویل عرصے سے جاری شراکت داری کو سراہا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو اہم قرار دیا۔




