اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کے دفاع و سلامتی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مکہ الائنس کے ساتھ اپنے پختہ عزم کی بھی توثیق کی ہے۔




