اسلام آباد: گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان میں صحت، غذائیت، مالی شمولیت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کیش لیس اکانومی کے فروغ کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو قرار دیا۔
وزیراعظم نے خواتین کی مالیاتی نظام تک رسائی بڑھانے اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات پر بھی زور دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات میں بچوں کی صحت، غذائیت، زچگی کی صحت، خواتین کی معاشی شمولیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وفد کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کیش لیس اکانومی کے تحت ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں صحت، انسانی وسائل، مالی شمولیت اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔




