اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب دے دیا، وزیراعظم کا جواب اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خط میں واضح کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت بھی جاری ہے۔ رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرکے تقرریوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے خط لکھ چکے ہیں۔
حکومتی جواب کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر آئینی مشاورت مزید آگے بڑھنے کا امکان ہے۔




