لاہور: ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی جام سراج کے احکامات پر فرید کورٹ ہاؤس سے تمام غیرمتعلقہ پرائیویٹ افراد کو نکال دیا گیا ہے۔
فرید کورٹ ہاؤس میں صرف متعلقہ افراد اور سائلین کو مکمل تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے داخلی دروازے پر خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہر سائل کی گاڑی اور ملکیت کی مکمل تصدیق کی جا رہی ہے، جس کے بعد ہی اسے دفتر میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔
فرید کورٹ ہاؤس میں کسی بھی ٹاؤٹ یا ایجنٹ کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے ایک خاتون اور ایک مرد انسپکٹر کو گراؤنڈ ڈیسک پر تعینات کیا گیا ہے۔
سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار اور ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کی ہدایات پر غیرمتعلقہ پرائیویٹ افراد کے داخلے کی روک تھام کا عمل جاری ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی جام سراج نے عملے کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ افراد کے غیرضروری داخلے اور کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔




