اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور توانائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں توانائی شعبے کی بہتری اور ریفائنریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماحول دوست ایندھن کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں خود انحصاری اور پائیدار ترقی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




