پاکستان
Trending

بلوچستان میں پائیدار امن ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

 

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، صوبے میں پائیدار امن و استحکام معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، پُرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے۔ واضح قومی بیانیہ اور پائیدار امن و استحکام صوبے کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبے کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرکے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست کے پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ایسے عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button