راولپنڈی : سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 49 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ناکارہ بنایا گیا، جبکہ آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بلوچستان میں آپریشنز کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکہ خیز ڈرمز اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات برآمد کیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں بھی کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ مختلف علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔




