لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں ایپ سپ ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے پاکستان کی ترقی، نوجوانوں کے کردار، تعلیم اور انڈسٹری کے باہمی روابط پر زور دیا۔ ایپ سپ کی جانب سے 21 اگست 2026 کو گورنر ہاؤس لاہور میں ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو مل کر آگے لے کر جائیں گے۔ اگر ہم اپنے مستقبل پر آج سے توجہ دینا شروع کردیں تو ملک ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ نے محدود وسائل کے باوجود دنیا میں عظیم تبدیلی برپا کی، ہمیں بھی واضح مقصد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایپ سپ گزشتہ کئی برسوں سے ملک کے تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہیروز کو ایکسی لینس ایوارڈز سے نوازتا آرہا ہے۔ وائس چانسلرز نے پاکستانی جامعات کو نمایاں مقام دلانے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔
چیئرمین ایپ سپ نے کہا کہ رواں سال کی تقریب اس اعتبار سے منفرد ہے کہ اکیڈمیا کے ساتھ انڈسٹری اور انٹرپرینیورشپ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ صرف اعزاز نہیں بلکہ مزید ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں۔ نوجوانوں کو ڈسپلن، تیز رفتاری اور اپنی ثقافت و تہذیب سے محبت کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ انڈسٹری سے روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے، کیونکہ مضبوط انڈسٹری اور معیاری جامعات ایک دوسرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی تحقیق پر توجہ دینی چاہیے جس کی مارکیٹ کو ضرورت ہے۔ ملک کے مسائل کے حل کے لیے صرف حکومت، بیوروکریسی یا دیگر اداروں کی طرف دیکھنے کے بجائے نوجوانوں کو موقع دینا ہوگا۔ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور رہنمائی مل جائے تو وہ پاکستان کو بہت آگے لے جا سکتے ہیں۔
چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو بہترین رول ماڈل کی ضرورت ہے اور حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی رول ماڈل نہیں ہوسکتا۔ نوجوان نسل کو ایمانداری، صبر اور محنت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اکثر انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھتے رہتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ انتظار کرنے کے بجائے خود پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھیں۔ ہمیں دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانا ہے، کیونکہ پاکستانی قوم محبت کرنے والی اور مہمان نواز قوم ہے۔
چیئرمین ایپ سپ نے بتایا کہ ’’سی پاکستان‘‘ ایونٹ بھی ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے پورے پاکستان سے بہترین پروجیکٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایونٹ میں دنیا بھر سے انفلوئنسرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جن کے لاکھوں فالوورز ہیں اور وہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔




