پاکستان
Trending

سپیریئر اکنامک پاکستان کی بنیاد نوجوانوں کے ذریعے رکھنا ہوگی،پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

 

لاہور: چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہوں گے، باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے تو وہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے والے افراد اور ادارے ہمارے ساتھ موجود ہیں، جو ملک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کی کامیابی کے لیے اچھے رول ماڈلز کا ہونا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر ہمارا کوئی رول ماڈل نہیں۔ ایمانداری، صبر اور محنت کو اپنا کر نوجوان نہ صرف اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

چیئرمین سپیریئر گروپ نے کہا کہ ہمیں ہر وقت انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے ملک کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا ہوگا۔ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر ’سپیریئر اکنامک پاکستان‘ کی بنیاد رکھنی ہے۔ اس مقصد کے لیے نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں، روزگار اور جدید مواقع سے جوڑنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ میں ملک بھر سے بہترین پروجیکٹس منتخب کیے گئے ہیں۔ یہ ایونٹ نوجوانوں کے کاروباری آئیڈیاز کو سامنے لانے اور انہیں قومی و عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button