بشکیک:وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پانی کے معاملے پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی پاکستان اور خطے کی لائف لائن ہے، اسے بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بشکیک میں ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوئے ہیں۔ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، جبکہ دیرپا قیامِ امن کی کوششیں جاری ہیں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے ایس سی او کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنظیم کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت ایس سی او ممالک کے سربراہان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ پاکستان نے ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کی آئندہ صدارت بھی سنبھال لی۔




