راولپنڈی: ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے ترک مسلح افواج کی بہادری، قربانیوں اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران، ترکیہ کے سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ترکیہ کے عوام اور ترک مسلح افواج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔




