پاکستان
Trending

بجلی شعبے میں مسابقتی نظام کی جانب اہم پیش رفت، اویس لغاری

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے یوز آف سسٹم چارجز کے تعین سے ملک میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔

اویس لغاری نے نیپرا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوز آف سسٹم چارجز کا تعین مسابقتی تجارتی دوطرفہ معاہداتی مارکیٹ (CTBCM) کے لیے آخری اہم ریگولیٹری اقدام تھا۔ اس فیصلے کے بعد CTBCM کی نیلامی کے لیے اہم رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ پاکستان کے موجودہ واحد خریدار نظام میں نمایاں تبدیلی لائے گی۔ اس نظام کے تحت اہل صنعتی صارفین اپنی پسند کے بجلی فراہم کنندگان سے دوطرفہ معاہدوں کے ذریعے بجلی خرید سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی خریداری میں مسابقت بڑھنے سے زیادہ مؤثر پیداوار اور بہتر قیمتوں کے امکانات پیدا ہوں گے، جبکہ موجودہ پاور پلانٹس کی صلاحیت سے بھی زیادہ بہتر انداز میں فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔

اویس لغاری کے مطابق مسابقتی مارکیٹ قابلِ تجدید توانائی، بیٹری اسٹوریج اور مقامی کم لاگت توانائی کے وسائل کے استعمال کو فروغ دینے میں بھی معاون ہوگی۔ اس کے علاوہ مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور بجلی کے شعبے میں موجود نااہلیوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ توانائی مسابقتی بجلی مارکیٹ کے شفاف اور مؤثر نفاذ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button