اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی سکیم سے متعلق عوامی آگاہی مہم تیز کرنے اور رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم سپیشل ریلیف اسکیم کی پیشرفت سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم کے ثمرات مستحقین تک پہنچانے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ عوام کو رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کی جائے۔
شہباز شریف نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوامی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی۔ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو فیلڈ میں موجود رہ کر شہریوں کی رہنمائی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد میں فیول سبسڈی سکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کی جائے گی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے ریلیف حاصل کیا جاسکے گا۔
بریفنگ کے مطابق فیول سبسڈی سکیم کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان رکھا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے لیے مالک کا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اور صوبے کی معلومات درکار ہوں گی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سکیم کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے اور رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




