بیجنگ: چین نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارتی ذرائع سے مسئلے کا حل تلاش کریں۔
بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امریکا ایران تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ بحران کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے فریقین کو مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران سفارتی حل کے لیے تیار ہے، تاہم اپنی قومی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
عراقچی نے خطے کی صورتحال پر ایران کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کا حل تلاش کریں۔




