منڈی بہاؤالدین: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منڈی بہاؤالدین کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ گجرات سرگودھا روڈ کی تعمیر و بحالی اور منڈی بہاؤالدین صدر بازار کی خوبصورتی کے منصوبے بھی ان اقدامات میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو گجرات سرگودھا روڈ منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کے تحت 94 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کی جائے گی، جبکہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں 27 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔
حکام کے مطابق گجرات سرگودھا روڈ منصوبے پر 9 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے سڑکوں کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور شہریوں کے لیے آمدورفت کی سہولیات میں اضافے کی توقع ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے منڈی بہاؤالدین صدر بازار کے بیوٹیفکیشن منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے ذریعے بازار کی تزئین و آرائش اور شہری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
ترقیاتی منصوبوں کا مقصد علاقے میں سفری سہولیات کو بہتر بنانا اور شہریوں کو بہتر بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے۔




