اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں ریلوے کے انتظامی و مالیاتی معاملات، اصلاحاتی اقدامات اور جاری ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کی کارکردگی، انتظامی امور اور جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ریلوے میں مالیاتی بہتری اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے میں شفافیت، مؤثر انتظامی اصلاحات اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں جاری ہاؤسنگ اسکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام رہائشی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور منصوبوں پر عمل درآمد کے ہر مرحلے میں شفافیت اور تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں کی نگرانی مؤثر بنانے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔




