سیالکوٹ :وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنی سیاسی جدوجہد اور قید و بند کی صعوبتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی زندگی میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے، مشرف دور میں اٹک قلعہ میں قید رہا اور چار مرتبہ جیل کا سامنا کیا۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ تھک گیا ہوں، تاہم پرسوں اسمبلی میں مولانا سے ملاقات ہوئی تو محسوس ہوا کہ ابھی کچھ دم خم باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2020ء میں پی ٹی آئی دور حکومت میں چھ ماہ نیب کی قید میں رہا، لیکن مجھے قید کرنے والے یہ بھی نہ بتا سکے کہ مجھ پر کیا چارج ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان سفارتی سطح پر ایک مقام رکھتا ہے۔ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، پڑھے لکھے اور ہنرمند نوجوان پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔




