پاکستان
Trending

اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز ہوگی، طلال چودھری

 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کسی دباؤ کے بغیر جاری رہے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کے بیان پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ دارالحکومت کو غیر قانونی قبضوں سے پاک کیا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم ہاؤس کے قریب تجاوزات ختم کرکے 1100 ارب روپے مالیت کی جائیداد واگزار کرائی گئی، جبکہ ای الیون میں تقریباً 200 ارب روپے کی سرکاری زمین بھی قبضے سے چھڑائی گئی۔ ایکسپریس وے پر غیر قانونی پٹرول پمپس اور شادی ہالز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سفارتکاروں، بیوروکریٹس اور کاروباری شخصیات کی جانب سے گرین ایریاز میں کی گئی غیر قانونی تعمیرات بھی کارروائی کی زد میں آئیں۔ امان اللہ کو تجاوزات کے خاتمے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے، عوامی راستوں اور گرین بیلٹس پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے طلال چودھری نے کہا کہ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملہ کیا، تاہم ہم ذاتی حملوں کے بجائے دلیل سے جواب دیں گے۔ مولانا کو جذبات میں دیے گئے بیانات پر اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کی بے حرمتی اور ان سے منسوب املاک پر قبضہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں سرکاری اور نجی املاک کے معاملے پر یکساں پالیسی اپنائی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button