اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باوجود حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ کمزور طبقے کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت نے ریفائنریوں کے تعاون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روکا اور عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے آج مزید اچھی خبر ملے گی۔
وزیر پٹرولیم نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور ناجائز منافع خوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر نے سپلائی میں مشکلات کا فائدہ اٹھا کر صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے کی کوشش کی۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں 700 سے 800 روپے تک کے فرق کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، حکومت اس منافع خوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق ملک میں روزانہ 2 ہزار سے 2 ہزار 500 ٹن ایل پی جی پیدا کی جا رہی ہے، جبکہ خطے کی صورتحال کے باعث ایل این جی کی درآمد میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نومبر کے لیے ملکی ضروریات کے مطابق گیس دستیاب ہے، جبکہ موسم سرما میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی کے تحفظ کے لیے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہی ہے اور مسابقتی عمل کے ذریعے سستا ایندھن درآمد کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ ایندھن درآمد کرنے والی کمپنیوں کو اپنی قیمتیں ویب سائٹس پر جاری کرنا ہوں گی تاکہ صارفین کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔




